پنجاب کی معیشت سیاحت کے ذریعے مضبوط کریں گے: مریم نواز

Published On 27 September,2025 12:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ سیاحت کے ذریعے پنجاب کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔

سیاحت کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیاحت کا عالمی دن منانے کا مقصد مقامی و عالمی سطح پر سیاحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، دنیا میں بے شمار ممالک سیاحت کے ذریعے اپنی معیشت کو تقویت دے رہے ہیں، پنجاب سیاحتی لحاظ سے مالا مال ہے، پنجاب کی خوبصورتی اپنی مثال آپ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سیاحوں کے تحفظ، آسانی اور آسائش کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، حکومت سیاحوں کو ہر ضروری سہولت فراہم کر رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کی حکومت سیاحتی پوٹینشل سے مزید استفادہ کرنے کے لیے منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کر رہی ہے، سیاحت بہترین ذریعہ معاش ہے، مقامی لوگوں کو روزگار فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان قدرتی خوبصورتی، مذہبی سیاحت اور تاریخی مقامات سے مالامال ہے، پاکستان دنیا کی قدیم ترین تہذیب و ثقافت کا امین ہے، سیاحت کے فروغ سے دنیا کے سامنے پاکستان کے آثار قدیمہ کو متعارف کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے جا رہے ہیں،پنجاب کے سیاحتی مقامات غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کے لئے یکساں دلچسپی کا باعث ہیں، سیاحت سے نہ صرف مقامی ثقافت بلکہ معیشت بھی فروغ پاتی ہے۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملتے ہیں،صوبہ بھر میں سیاحتی مقامات میں ضروری سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے،مربوط ٹورازم پالیسی کے تحت پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات ڈویلپ کیے جا رہے ہیں۔