پنجاب کام کررہا ہے ، تنقید کرنے والے بھی کچھ کام کر لیں: مریم نواز

Published On 27 September,2025 05:37 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کام کررہا ہے ، تنقید کرنے والے بھی کچھ کام کر لیں۔

صوبائی دارالحکومت میں سیلاب کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے مہم کے افتتاح پر پی ڈی ایم اے کے رضا کاروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ دُکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے اللہ تعالیٰ کے بہترین دوست ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے رضا کاروں سے حلف لیا ہے، سیلاب متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، اُن کی ایک ایک پائی کا نقصان پورا کریں گے، پنجاب میں سروے مہم کا آغاز کردیا گیا، رضا کار متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کرنے نہیں بلکہ عبادت کرنے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میرا عہدہ صرف شان و شوکت والا عہدہ نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، دُکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ہم سب مل کر کوششیں کریں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے علاقوں میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، پنجاب کے عوام کو بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، متاثرہ علاقوں میں رضاکاروں کی امدادی سرگرمیاں لائق تحسین ہیں، عوام کی خدمت بطور وزیراعلیٰ میری سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ستلج، راوی اور چناب کے قریبی علاقوں میں بڑی تباہی ہوئی، پنجاب میں سیلاب سے 25شہر بُری طرح متاثر ہوئے، پنجاب کے تمام وزرا نے دن رات سیلاب متاثرین کی مدد کی، مریم اورنگزیب نے 18،18گھنٹے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کام کیا، ملکی تاریخ میں ایسا ہولناک سیلاب پہلے کبھی نہیں آیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ قلعہ روہتاس کی تاریخی بڑی باؤلی کو عوام کیلئے کھول دیا گیا، ایک نایاب ورثہ ، جو اب خوبصورت پنجاب ویژن کے تحت دوبارہ چمک رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کام کررہا ہے ، تنقید کرنے والے بھی کچھ کام کر لیں ، میں خود کئی راتیں جاگی، جہاں زمینی رابطے منقطع تھے وہاں کشتیوں کے ذریعے راشن پہنچایا گیا، میرا تنقید برداشت کرنے کا ایک ہی آلہ ہے، کان بند کرکے مقصد پر نظر رکھو۔

اُنہوں نے کہا کہ سندھ سے آواز آئی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب قابل ہیں جو سیلاب سے نمٹ رہی ہیں، ہم نے سیلاب کے باوجود ترقیاتی کام نہیں روکے، یہاں کوئی جادو نہیں ہے بلکہ عرصے سے یہاں مسلم لیگ ن کی حکومت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا واحد صوبہ ہے جس نے 25لاکھ افراد کو ریسکیو کیا اور سیلاب متاثرین کو مہمانوں کی طرح تین وقت کا کھانا کھلایا، دفتر میں بیٹھ کر تصاویر بنانا آسان ، کام کرنا مشکل ہے ۔