انسداد بدعنوانی، منی لانڈرنگ، اثاثہ جات کی واپسی بارے پاک سعودیہ تاریخی معاہدہ طے

Published On 09 October,2025 10:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد بدعنوانی، منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کی واپسی سے متعلق پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پا گیا۔

دونوں ممالک کے انسداد بدعنوانی کے اعلیٰ اداروں نے شرکت کی، تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے، پاکستان کی طرف سے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد اور سعودی عرب کی جانب سے نزاہہ کے صدر مازن بن ابراہیم نے دستخط کیے۔

معاہدے کا مقصد انسداد بدعنوانی کے میدان میں دوطرفہ کو فروغ دینا ہے، ایم او یو کے تحت دونوں ادارے متعدد اہم شعبوں میں تعاون پر متفق ہو گئے۔

معاہدے کے مطابق مشترکہ تحقیقات اور انٹیلی جنس شیئرنگ کو فروغ دیا جائے گا، انسداد بدعنوانی کی کوششوں میں مؤثر کردار کیلئے قریبی روابط قائم رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

نیب کی بے مثال ریکوری اور عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی، نزاہہ کے نمائندہ وفد نے نیب کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ نیب نے انسداد بدعنوانی کے میدان میں غیر معمولی کارنامے انجام دیئے۔

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا کہ پاکستان بدعنوانی کے خلاف عالمی مہم کا ایک سرگرم فریق ہے، عالمی اداروں کیساتھ تعاون کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے سعودی قیادت کو بدعنوانی سے متعلق اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سعودی عرب نے خطے میں ایک نئی سمت اور قیادت فراہم کی۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ معاہدہ پاک سعودی عرب برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دے گا، چیئرمین نیب نے نزاہہ کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔