اسلام آباد:(دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ طالبان حکومت بے بنیاد دعوؤں سے بری نہیں ہوسکتی۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت میں افغان عبوری وزیرِ خارجہ کے بیانات اور اشاروں کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ افغان وزیر کے بیانات افغانستان میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں، طالبان حکومت بے بنیاد دعوؤں سے علاقائی امن و استحکام کی اپنی ذمہ داریوں سے بری نہیں ہو سکتی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی موجودگی اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹس میں بیان کی گئی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک مشترکہ مقصد ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ذمہ داریوں سے پہلو تہی کرنے کے بجائے طالبان حکومت وعدے پورا کرے، افغان سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، طالبان حکومت علاقائی و عالمی امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرے۔