باجوڑ: (دنیا نیوز) فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) کی جانب سے باجوڑ میں خوارج کے ہاتھوں تباہ 2 مساجد کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کرلیا گیا۔
فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) نے باجوڑ کے علاقے میں 2 مساجد، مسجد سلیمان خیل اور مسجد اعراب کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا، ان مساجد کو خوارج کی جانب سے حملوں میں شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔
مساجد کی بحالی میں شمسی توانائی کیلئے سولر سسٹم کی تنصیب شامل ہے تاکہ بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہ ہو، پاک فوج کی ان کوششوں کو مقامی عوام کی جانب سے بیحد سراہا جا رہا ہے، عوام نے فرنٹیئر کور (نارتھ) کے اقدامات کو علاقے میں امن و استحکام کی علامت قرار دیا۔
مقامی آبادی نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان عبادت گاہوں کی بحالی نے ان کے دل جیت لئے ہیں۔
پاک فوج کی ٹیم نے مساجد کی بیرونی اور اندرونی تعمیر نو کرتے ہوئے صفائی، روشنی اور وضو کے انتظامات کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا، اس منصوبے کی تکمیل کے بعد مقامی لوگ بڑے پیمانے پر نماز کی ادائیگی کیلئے ان مساجد کا رخ کر رہے ہیں۔
ان تمام اقدامات سے عوام اور پاک فوج کے درمیان اعتماد اور تعاون کا رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔



