سپریم کورٹ نے عوامی سہولت کے لئے نیا پورٹل لانچ کر دیا

Published On 21 October,2025 10:27 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے عوام کی آسانی کیلئے نیا پبلک فسیلیٹیشن پورٹل لانچ کر دیا ہے، جو چیف جسٹس آف پاکستان کی خصوصی ہدایت پر تیار کیا گیا ہے۔

یہ پورٹل سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر پبلک پورٹل کے نام سے دستیاب ہے، جس کا مقصد عوام کو عدالتی معلومات اور سہولیات تک فوری اور آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔

اس پورٹل کے ذریعے شہری اب مقدمات کی تفصیلات، نام، کیس نمبر یا درخواست کی نوعیت کے مطابق تلاش کر سکتے ہیں، اسی طرح 1818 ہیلپ لائن کے ذریعے سپریم کورٹ سے براہِ راست رہنمائی اور تکنیکی مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔

پورٹل میں موجود ایپلیکیشن سٹیٹس سیکشن کے ذریعے جلد سماعت، التوا یا ویڈیو لنک درخواستوں کی پیش رفت کو آن لائن مانیٹر کیا جا سکتا ہے، جس سے شفافیت میں اضافہ اور غیر ضروری تاخیر میں کمی آئے گی، عوامی شکایات اور تجاویز کیلئے فیڈبیک پورٹل اور بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے اوورسیز لٹیگنٹس پورٹل بھی شامل کئے گئے ہیں، جبکہ بدعنوانی کی اطلاع دینے کے لئے علیحدہ نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے مطابق یہ اقدام انصاف کی فراہمی کو عوام کے قریب لانے کی سمت ایک بڑا قدم ہے، جس سے شہری کسی بھی جگہ سے عدالتی نظام تک باآسانی رسائی حاصل کر سکیں گے۔