سپریم جوڈیشل کونسل نے ججز کے ضابطہ اخلاق میں ترامیم کی منظوری دے دی

Published On 18 October,2025 04:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم جوڈیشل کونسل نے ججز کے ضابطہ اخلاق میں ترامیم کی منظوری دے دی۔

سپریم جوڈیشل کونسل اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق ترامیم کثرت رائے سے منظور کی گئیں اور سرکاری گزٹ میں شائع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ضابطہ اخلاق میں ترامیم تمام اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو ارسال اور سپریم کورٹ ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق اب تک زیر غور شکایات کی تعداد 87 ہے، اکتوبر 2024 سے 155 شکایات نمٹائی جاچکی ہیں، اجلاس میں 65 شکایات کو داخل دفتر کر دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق ایک شکایت پر کارروائی کو موخر کردیا گیا، ایک شکایت پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوسرے مرحلے میں سات مزید شکایات کا جائزہ لیا گیا، سات شکایات کیلئے کونسل کی تشکیل نو کی گئی، سات میں سے پانچ شکایات کو داخل دفتر کیا گیا، سات میں سے دو شکایات پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر نے ان شکایات پر کارروائی سے خود کو الگ کیا، جسٹس سرفراز ڈوگر کی جگہ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو شامل کیا گیا۔

سپریم جوڈیشل کونسل اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق دونوں مراحل میں مجموعی طور پر 74 شکایات کا جائزہ لیا گیا۔