سپریم کورٹ کے فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ جاری، رولز 2025 لِوِنگ ڈاکومنٹ قرار

Published On 08 September,2025 05:55 pm

سپریم کورٹ:(دنیا نیوز) عدالتِ عظمیٰ کے 156واں فل کورٹ اجلاس کے اختتام پر اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

رجسٹرار آفس سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ کا 156واں فل کورٹ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کی،عدالتِ عظمیٰ کے معزز ججز فل کورٹ اجلاس میں شریک ہوئے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس نے رولز میکنگ کمیٹی کی کوششوں کو سراہا،کمیٹی نے سپریم کورٹ رولز 1980 کے جائزے پر کام کیا، ججز اور وکلا کی رائے سے جامع ڈرافٹ تیار کیا گیا،جسٹس شاہد وحید نے فل کورٹ کو رولز پر بریفنگ دی۔

اِسی طرح فل کورٹ نے تفصیلی غور و خوض کے بعد اتفاق رائے کیا، سپریم کورٹ رولز 2025 کو لِوِنگ ڈاکومنٹ قرار دیا گیا، رولز کا جائزہ اور ترامیم وقتاً فوقتاً جاری رہیں گی، فل کورٹ نے مختلف تجاویز اور مشاورت پر اتفاق ہوا۔

سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ رولز میں ترامیم سے عدالتی فیسوں اور سکیورٹیز میں آسانی ہوگی، کمیٹی نے ججز اور وکلا کی سفارشات کو جامع شکل دی، فل کورٹ نے سپریم کورٹ رولز 2025 متفقہ طور پر منظور کیے۔

اعلامیہ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ چیف جسٹس نے رولز کی تیاری پر کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا، رولز میں ترمیم عدلیہ کے ادارہ جاتی فریم ورک کو مضبوط کرے گی، سپریم کورٹ رولز جدید تقاضوں کے مطابق بنائے گئے ہیں، رولز متحرک، جوابدہ اور وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہیں گے۔

علاوہ ازیں اجلاس میں کورٹ فیس میں اضافے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا،رولز کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیکر منظوری فل کورٹ دے گی،طے پایا رولز فل کورٹ کی منظوری سے مشروط ہوں گے،جہاں ضروری ہو گا رولز میں ترمیم کی جائے گی۔