لاء اینڈ جسٹس کمیشن کا اجلاس، منصفانہ نظامِ انصاف یقینی بنانے کا عزم

Published On 18 August,2025 06:23 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں لاء اینڈ جسٹس کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں شہریوں کے لیے قابلِ رسائی اور منصفانہ نظامِ انصاف یقینی بنانے کا عزم کیا گیا۔

سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی زیر صدارت لاء اینڈ جسٹس کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی چیف جسٹسز، اٹارنی جنرل، سیکرٹری قانون نے شرکت کی، سینئر وکلاء مخدوم علی خان، خواجہ حارث، کامران مرتضیٰ، منیر پراچہ بھی شریک ہوئے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ کمیشن نے 45ویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور شہریوں کے لیے قابلِ رسائی اور منصفانہ نظامِ انصاف یقینی بنانے کا عزم کیا ، اجلاس میں لاء ریفارمز ایڈوائزری کمیٹی کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس میں کمیٹی نے خاندانی قوانین اور ضابطہ فوجداری 1898 میں اصلاحات پرزور دیا، کمیشن نے کمیٹی کے قابل تعریف کام کو سراہا اور ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کمیٹی قابلِ عمل سفارشات پیش کرے گی۔

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ اصلاحات کا مقصد خاندانی تنازعات اور فوجداری مقدمات میں انصاف کی فراہمی بہتر بنانا ہے، لاء اینڈ جسٹس کمیشن کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے نئی کمیٹی تشکیل دی گئی جو ایمپلائز سروس رولز 1992 کا جائزہ لے گی۔