عدلیہ نظامِ انصاف کا چہرہ، اصلاحات کیلئے ضلعی عدالتیں مضبوط بنائی جائیں: چیف جسٹس

Published On 05 August,2025 05:20 pm

کراچی:(دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عدلیہ نظامِ انصاف کا چہرہ ہے ، اصلاحات کیلئے ضلعی عدالتوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔

شہر قائد کی سپریم کورٹ رجسٹری میں نئے عدالتی انفراسٹرکچر کی منصوبہ بندی پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کے بعد سپریم کورٹ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اجلاس میں رجسٹرار سپریم کورٹ، رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ، سیشن ججز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اسی طرح اجلاس میں مجوزہ منصوبے میں شہری سہولت، لاگت اور ٹرانسپورٹ رسائی کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا جب کہ منصوبے پر وکلاء برادری اور صوبائی حکومت سے مؤثر مشاورت کی سفارش بھی کی گئی۔

دوسری جانب اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عدلیہ نظامِ انصاف کا چہرہ ہے، عدالتی اصلاحات میں ڈسٹرکٹ عدلیہ کو مضبوط بنانا ہے۔