اسلام آباد، پشاور، سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی منظوری

Published On 01 July,2025 12:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جوڈیشل کمیشن نے 4 ہائیکورٹس کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کے لیے ناموں کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت سندھ، بلوچستان، پشاور اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کے لیے کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں 4 ہائیکورٹس کے سینئر ترین تین ججز کے ناموں پر غور کیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے جسٹس سرفراز ڈوگر، سندھ ہائیکورٹ کے لیے جسٹس جنید غفار، چیف جسٹس بلوچستان کے لیے جسٹس روزی خان بڑیچ جبکہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے لیے جسٹس عتیق شاہ کی منظوری دی گئی ہے۔ 

واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے 13 مستقل اراکین ہیں تاہم ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے لیے کمیشن کے ممبران کی تعداد 16 ہوتی ہے جبکہ کم ازکم 9 ممبران کی اکثریت سے چیف جسٹس کا تقرر ہوتا ہے۔

جوڈیشل کمیشن میں چیف جسٹس پاکستان، سپریم کورٹ کے 4 ججز، اٹارنی جنرل، 2 حکومتی اراکین اور 2 اپوزیشن اراکین شریک ہوتے ہیں۔

اس کے علاوہ جوڈیشل کمیشن میں پاکستان بار کی نمائندگی احسن بھون نے کی، سپیکر قومی اسمبلی کی نامزد کردہ روشن خورشید بھروچہ بھی شریک ہوئیں جبکہ صوبائی چیف جسٹس کے لیے صوبائی وزیر قانون، ہائیکورٹ بار کا نمائندہ اور ہائیکورٹ کے سابق جج بھی اجلاس میں شریک تھے۔