علیمہ خان پھر غیر حاضر، شناختی کارڈ، پاسپورٹ بلاک اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم

Published On 24 October,2025 11:14 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے وارنٹ گرفتاری کے باوجود علیمہ خان کے پیش نہ ہونے پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے اور بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں تھانہ صادق آباد راولپنڈی کے نومبر احتجاج کے مقدمہ کی سماعت ہوئی، جو جج امجد علی شاہ نے کی، سماعت کے دوران دس ملزمان حاضر تھے، بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان غیر حاضر تھیں۔

عدالت نے علیمہ خان کا مچلکا ضبط کر لیا جبکہ علیمہ خان کا ضامن مفرور ہونے پر عدالت نے ضامن کی جانب سے پیش کردہ جائیداد قرق کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

انسداد دہشت گردی راولپنڈی نے ڈی جی نادرا کو حکم دیا کہ علیمہ خان کا قومی شناختی کارڈ بلاک کیا جائے، ڈی جی پاسپورٹ کو علیمہ خان کا پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا، گورنر اسٹیٹ بینک کو حکم جاری کیا کہ علیمہ خان کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کئے جائیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمہ ہر جگہ موجود ہوتی ہے،عدالت پیش نہیں ہوتی، ملزمہ کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، عدالت نے مقدمہ کی سماعت پیر 27اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ عدالت نے 22 اکتوبر کو علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عدالت نے ایس پی راول ڈویژن سعد ارشد اور ڈی ایس پی نعیم کو جعلی رپورٹ جمع کرانے پر شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں توہینِ عدالت کے الزام میں ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا تھا کہ پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ علیمہ خان چھپ گئی ہیں جبکہ وہ اڈیالہ جیل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دیکھی گئی ہیں۔

20 اکتوبر کو بھی جج امجد علی شاہ نے مسلسل غیر حاضری پر علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

اس سے قبل 14 اکتوبر کو بھی عدالت نے عدم حاضری پر علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے تھانہ صدیق آباد پولیس کو حکم دیا تھا کہ وہ علیمہ خان کو 15 اکتوبر تک گرفتار کر کے پیش کرے۔