کراچی: را سے تعلق، بارودی مواد رکھنے پر مجرم کو 114 سال قید کی سزا

Published On 25 September,2025 02:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے بارودی مواد رکھنے کے جرم میں مجرم کو 114 سال قید کی سزا سنادی۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بارودی مواد کی برآمدگی کے کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سلیم کو سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے ماڑی پور سے گرفتار کیا تھا جس کے قبضے سے دستی بم، آوان لانچر اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا تھا۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلق کا اعتراف کیا جب کہ اس نے 2012 سے 2014 کے درمیان تین بار بھارت کا سفر بھی کیا تھا۔

بعد ازاں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سلیم کو 114 سال قید کی سزا سنائی اور مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

عدالت نے مجرم کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے اسے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔