نومبر احتجاج: علیمہ خان کے عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

Published On 17 October,2025 11:42 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی راولپنڈی انسداد دہشت گردی عدالت میں عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔

انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں نومبر احتجاج کے مقدمہ کا باقاعدہ ٹرائل شروع نہ ہوسکا ، کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔

پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے مقدمہ کے پہلے 5 گواہ شہادت کیلئے عدالت میں پیش کئے ، مقدمے کا مال مقدمہ بھی عدالت میں پیش کیا گیا، گیارہ میں سے دس ملزمان حاضر ہوئے علیمہ خان پیش نہ ہوئیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: 5 اکتوبر احتجاج کیس: عمران خان کی بہنوں کی عبوری ضمانت میں توسیع

علیمہ خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست نہیں دی گئی، علیمہ خان کی جانب سے کوئی وکیل بھی پیش نہ ہوا۔

پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ علیمہ خانم جان بوجھ کر ٹرائل میں رخنہ ڈال رہی ہیں، مقدمے کو ایک سال ہونے کو ہے، ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں، علیمہ خانم کو ضمانت منسوخی کا شوہاز نوٹس جاری کیا جائے۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ ملزمہ ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا کر ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔

عدالت نے پراسیکیوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ، عدالت نے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کر دیا، ضامن کو ملزمہ کو عدالت پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

علیمہ خانم کو ضابطہ فوجداری کی سیکشن 497کے تحت ضمانت منسوخی کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا، تھانہ صادق آباد کے مقدمہ 3393/24 گذشتہ سال نومبر احتجاج پر درج کیا گیا تھا۔

گواہوں میں سب انسپکٹر ظہیر، سب انسپکٹر اقبال اور کانسٹیبل بابر شامل تھے، اے ایس آئی کاظم رضا اور اے ایس آئی طارق محمود بھی بطور گواہ پیش ہوئے، مقدمہ میں کل 87 ملزمان کو چالان ہوئے، 9 کو اعتراف جرم پر سزا اور 66 ملزمان اشتہاری ہیں۔

علیمہ خان سمیت گیارہ ملزمان فرد جرم کے بعد ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں ، تمام ملزمان مقدمہ میں ضمانت پر ہیں۔