ٹی ایل پی پر پابندی کا فیصلہ واپس نہیں ہوگا: عظمیٰ بخاری

Published On 24 October,2025 10:49 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی پر پابندی کا فیصلہ واپس نہیں ہوگا۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی سیاسی جماعت نہیں تھی، ہمیں اس مائنڈ سیٹ کےخلاف لڑنا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ریاست نے جو فیصلہ کیا ہے وہ واپس نہیں ہو گا ، ٹی ایل پی سےمتعلق ریاست کےفیصلے پرعمل ہو گا، سیاسی جماعتوں کا کام امن وامان خراب کرنا نہیں ہوتا۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی جماعت نہیں ایک انتہا پسند گروپ ہے، ہمارا مذہب یہ اجازت نہیں دیتا کسی کو بھی قتل کر دیں، تحریک انصاف نے9مئی کو جلاؤ گھیراؤ کیا، کسی اور جماعت پر پابندی لگانے کی بات کہیں ڈسکس نہیں ہورہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سعد رضوی اوران کےبھائی پنجاب میں نہیں ہیں، ہمیں پتا ہےکہ سعد رضوی اوران کےبھائی کہاں ہیں، ٹی ایل پی تنظیم کی آڑ میں منی لانڈرنگ کررہی تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اڈیالہ کے مجاور بنے ہوئےہیں، اُن کے صوبے میں آگ لگی یہ وہاں کیوں نہیں جاتے،سہیل آفریدی کی بانی سے ملاقات ہو جائےگی۔

اتحادی جماعت سے اختلاف کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ہماری طرف سےسیز فائر ہے مگر پیپلزپارٹی کی طرف سے بیانات آ رہے ہیں، اگر پیپلزپارٹی کی لیڈرشپ نوٹس نہیں لے گی تو پھر مجھے جواب دینا پڑے گا۔