ٹی ایل پی نے پی ٹی آئی دور کے معاہدے کی خلاف ورزی کی، عطاء تارڑ

Published On 26 October,2025 12:39 am

وزیرآباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں بھی ٹی ایل پی نے مشروط معاہدہ کیا تھا جس کی انہوں نے خلاف ورزی کی ہے۔

وزیرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تصویروں کی صفائی کرنا اور جیل کے باہر سڑکوں پر بیٹھنا یہ وزیراعلیٰ کے پی کا کام نہیں، وزیراعلیٰ کا کام ہوتا ہے عوامی فلاحی منصوبے لائے جیسا کہ ستھرا پنجاب۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے حکومت بہترین اقدامات کر رہی ہے، سیلاب زدہ علاقہ جات میں نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کا کیس ہے، اس کا جواب یہ نہیں کہ ہم ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں۔

عطاء تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ٹی ایل پی کے خلاف دہشت پھیلانے کے کافی شواہد دیے، مریدکے میں شہید ایس ایچ او کو 21 گولیاں ماری گئیں، سیاست میں وقت بدلتا رہتا ہے، ہمیں عاجزی سے کام کرنا چاہیے۔