خیبرپختونخوا: گڈ گورننس کی بہتری، کرپشن کی روک تھام کیلئے قائم احتساب کمیٹی غیر فعال

Published On 03 November,2025 10:04 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس کے فروغ اور کرپشن کی روک تھام کے لیے قائم انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی غیر فعال ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ سال قائم کی گئی تھی اور اس کا تین ممبران پر مشتمل ڈھانچہ تشکیل دیا گیا تھا، کمیٹی کو کابینہ اراکین اور صوبائی وزراء پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کے متعدد ٹاسک دیئے گئے تھے تاہم 15 ماہ بعد کمیٹی غیر فعال ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی میں شاہ فرمان، مصدق عباسی اور ایڈووکیٹ قاضی انور شامل تھے جو اس وقت کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے دور میں قائم کی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کسی بھی وقت کسی بھی محکمے کے وزیر سے جواب طلب کر سکتی تھی مگر ممبران کی جانب سے معذرت کے بعد کمیٹی اب کام جاری نہیں رکھ سکے گی۔

کمیٹی کے رکن قاضی انور ایڈووکیٹ نے تصدیق کی ہے کہ ابھی تک اس بارے میں کوئی نئی ہدایت موصول نہیں ہوئی کہ کمیٹی اپنا کام جاری رکھے گی یا نہیں، مصدق عباسی گاؤں چلے گئے ہیں جس کے باعث کمیٹی فی الحال غیر فعال ہو چکی ہے۔