پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کیخلاف درخواست پر حکومت کو نوٹس، جواب طلب

Published On 05 November,2025 12:52 pm

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے متعدد سیکشنز کو چیلنج کرنے والی درخواست پر پنجاب حکومت، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین رضا قریشی سمیت دیگر کی دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواست بیرسٹر ابوذر سلمان خان نیازی کی وساطت سے دائر کی گئی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 میں بیوروکریسی کو غیر معمولی اختیارات دینا آئین کے آرٹیکل 140-A کی صریح خلاف ورزی ہے۔

وکیل نے مؤقف اپنایا کہ آئین کے مطابق اختیارات منتخب نمائندوں کو منتقل ہونا ضروری ہیں جبکہ نئے ایکٹ کے تحت ان اختیارات کو سرکاری افسران کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانا آئین کے آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے جو شہریوں کو سیاسی جماعت سے وابستگی اور تنظیم سازی کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ امیدواروں کو انتخاب سے قبل اپنی سیاسی وابستگی ظاہر نہ کرنے کا پابند کرنا بھی غیر آئینی اقدام ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے سیکشن 25، 32، 35، 40 اور 55 کو کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ یہ عوامی نمائندگی اور مقامی حکومتوں کے آئینی ڈھانچے سے متصادم ہیں۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے متعدد سیکشنز کو چیلنج کرنے والی درخواست پر پنجاب حکومت، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔