شہباز شریف کی عرفان صدیقی مرحوم کے گھر آمد، اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا

Published On 11 November,2025 10:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور ممتاز دانشور سینیٹر عرفان صدیقی مرحوم کے گھر آمد ہوئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مرحوم کے بڑے بیٹے عمران صدیقی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ساتھ موجود تھے، وزیراعظم نے مرحوم کی سیاست اور ملک کیلئے مجموعی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عرفان صدیقی ایک شائستہ، بردبار اور اعلیٰ ظرف شخصیت تھے جنہوں نے ملک کی فکری اور سیاسی تاریخ میں گہرا نشان چھوڑا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی وفا کا پیکر اور پاکستان کے فکری اور صحافتی افق پت درخشاں ستارہ تھے، مرحوم عرفان صدیقی مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کے دیرینہ ساتھی تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میرے ساتھ ان کا عزت و احترام کا رشتہ تھا، اور وہ انتہائی شفیق انسان تھے، عرفان صدیقی نے ہر دور میں اصول، برداشت، تحمل اور مہذب سیاست کی مثال قائم کی۔

وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔