اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے سی 130 طیارے کے المناک حادثے پر ترکیہ کے عوام کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے تعزیتی بیان میں کہا کہ ہم اس سانحے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے ترکیہ کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کے ترکیہ کے دکھ میں برابر شریک ہیں جبکہ مرحومین کی مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے صبر جمیل کے لئے دعاگو ہیں۔
واضح رہے کہ ترک فضائیہ کا سی 130 طیارہ آذربائیجان اور جارجیا کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا، طیارے میں سوار 20 اہلکار جاں بحق ہوگئے، روانگی کے کچھ دیر بعد ہی طیارہ سرحدی علاقے میں گر کر تباہ ہوا، طیارہ آذربائیجان سے ترکیہ جا رہا تھا۔
ترک خبرایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ صدر رجب طیب اردوان نے دارالحکومت انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ترک سی-130 فوجی کارگو طیارہ آذربائیجان سے آرہا تھا کہ جیورجیا اور آذربائیجان کی سرحد کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا ہے۔
طیب اردوان نے بتایا تھا کہ ہماری امدادی ٹیمیں مقامی حکام کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں اور شہیدوں کے لئے ہماری دعائیں۔



