وزیراعلیٰ کے پی کا ریڈیو پاکستان پر 9 مئی حملے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

Published On 14 November,2025 10:03 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ریڈیو پاکستان پشاور پر 9 مئی کے حملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا۔

یہ اعلان انہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا، جہاں کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے، وزیراعلیٰ نے بتایا کہ یہ کمیشن سی سی ٹی وی سمیت تمام دستیاب شواہد اکٹھے کرے گا اور اپنی رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کرے گا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح صوبے کو سود سے پاک کرنا ہے، اسی لیے ایک جامع پالیسی تیار کی جا رہی ہے اور اسلامک انویسٹمنٹ کے نئے مواقع متعارف کرائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ اسمبلی نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی ہے جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں نامناسب رویے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 4.5 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعلیٰ ہونے کے باوجود انہیں اپنے قائد سے ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی، حالانکہ وہ ملاقات کرکے پالیسی سے متعلق رہنمائی لینا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو اپنے ذاتی معالج سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جارہی۔

سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ حکومت کے تمام فیصلے اور اصلاحات منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ہوں گے، اختلافات اپنی جگہ، مگر امن کا قیام سب کا مشترکہ مقصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کرپشن کے خلاف مکمل زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرے گی اور سرکاری فنڈز کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کابینہ کو ہدایت کی کہ تمام فیصلے میرٹ اور مکمل شفافیت کو سامنے رکھ کر کیے جائیں۔

قوانین عوامی مفادات کے مطابق ہونے چاہئیں، اس لیے ایسے تمام قوانین جو عوامی فائدے کے خلاف ہوں ختم کیے جائیں، تمام قوانین کا ازسرنو جائزہ لیا جائے، کمزوریاں شناخت کی جائیں اور ضروری ترامیم پیش کی جائیں۔