وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے لوئر دیر میں 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کردیا

Published On 15 November,2025 08:23 pm

لوئر دیر:(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں دورے کے د وران سہیل آفریدی نے 21.7 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے سے سالانہ 207 ملین یونٹس بجلی پیدا ہوگی جس سے 2.4 ارب روپے آمدن متوقع ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے 1.5 ارب روپے کی لاگت سے 18.5 کلومیٹر تورمنگ رازگرام روڈ کا بھی افتتاح کیا۔

اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پن بجلی وسائل کو معاشی ترقی کی بنیاد بنانے کیلئے طویل المدتی منصوبہ بندی پر کام کر رہی ہے،صاف اور سستی توانائی کے یہ منصوبے روزگار کے فروغ اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ صوبے کی پہلی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھائی جا رہی ہے جو 11 ہائیڈرو منصوبوں کی بجلی کی ترسیل ممکن بنائے گی،مقامی پاور ہاؤسز سے پیدا ہونے والی بجلی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپنے پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کرے گی، صوبے کے قدرتی وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے، افسوس ہے کہ غیر ملکی انجینیئرز کے خیبر پختونخوا دورے کیلئے این او سی جاری نہیں ہو رہی ہے۔

سہیل آفریدی نے کاہ کہ این او سی میں تاخیر کے باعث اربوں روپے مالیت کے اہم منصوبے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں، یہ نقصان صرف خیبر پختونخوا کا نہیں بلکہ پورے ملک کا نقصان ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دل میں عوام کا درد ہے، ان کے شروع کردہ تمام منصوبے دیکھ کر فخر محسوس کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی نے منصوبے عوام کیلئے شروع کیے، یہ سوچے بغیر کہ افتتاح کے وقت حکومت کس کی ہوگی۔

آخری میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے صوبے کے 3 ہزار ارب روپے وفاق کے ذمے واجب الادا ہیں، جو تاحال نہیں مل سکے۔