کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، بچوں کے حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔
عالمی یومِ اطفال کے حوالے سے بچوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سی ویو گئے، اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر طارق علی تالپور اور سیکریٹری آغا سہیل نے وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ورلڈ چلڈرنز ڈے آگاہی واک کی قیادت کی، واک میں بچوں کے حقوق، تحفظ اور فلاح کے بارے میں آگاہی دی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ بچوں میں گھل مل گئے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہیں، ہم ایسا معاشرہ چاہتے ہیں جہاں ہر بچہ محفوظ، مطمئن اور بااختیار ہو۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی وجہ سے یہ دنیا خوبصورت ہے، ان کی محبت اور تربیت سے یہ خوبصورتی بڑھتی ہے تاہم سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بچوں کے حقوق پر آگاہی کے لیے مختلف سرگرمیاں جاری ہیں، واک میں شریک شہریوں نے بچوں کے حقوق کے لیے حکومت سندھ کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر ایسے معاشرتی رویے رویوں کو فروغ دینا ہے جو بچوں کے لئے ماحول محفوظ بنائیں، آج کی واک بچوں کی آواز کو مضبوط کرنے کی ایک مشترکہ کوشش ہے۔



