لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے پیٹرول موٹرسائیکل اور رکشے کی پروڈکشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت انسدادِ اسموگ کے لیے کابینہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ پنجاب میں پیٹرول موٹر سائیکل رکشے کی پروڈکشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا، پیٹرول سے چلنے والے موٹر سائیکلوں کی پروڈکشن بھی بتدریج اور مرحلہ وار بند کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں سرکاری اداروں کے لیے صرف الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں اور الیکٹرک موٹر سائیکل ہی خریدی جائیں گی جب کہ گھروں کی سطح پر پانی سے گاڑیاں دھونے پر مکمل پابندی بھی عائد کردی گئی۔
اجلاس میں پورے پنجاب میں جدید دنیا کی طرح رنگ دار کوڑے دان لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، اسی طرح پلاسٹک اور زہریلا دھواں پیدا کرنے والی اشیا جلانے پر سخت سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ شہریوں کی صحت و ماحول کو نقصان پہنچانے پر کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
مقررہ معیار سے زیادہ دھواں دینے والی گاڑیوں کی مستقل بنیادوں پر ٹیسٹنگ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف ورکشاپس مقرر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے اجلاس کو اسموگ کے تدارک اور فضائی معیار کی بہتری کے لیے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ پنجاب کا پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ ایئر کوالٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک قائم کیا جاچکا ہے جب کہ اے کیو آئی فورکاسٹ سسٹم کے ذریعے اسموگ اور فضائی معیار کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور اور مضافات میں فصلیں جلانے کے واقعات میں 88 فیصد کمی آئی ہے، ان واقعات کی روک تھام کے لیے ڈرون سے نگرانی کی جارہی ہے جب کہ سیٹلائٹ ٹریکنگ سرویلنس کی وجہ سے بھی فصلیں جلانے کے کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اس سلسلے میں فوری کارروائی کے لیے کوئیک ریسپانس سینٹر اور فورس قائم کی گئی ہے۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ملک کا پہلا ایکو چیٹ بوٹ قائم کیا جاچکا ہے، موبائل ایپلی کیشن اور پبلک ڈیش بورڈ بھی فعال ہیں۔ صوبے کے 18 اضلاع میں 41 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹمز کام کر رہے ہیں جب کہ اگلے سال مزید 100 سینسرز نصب کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
پنجاب کے پہلے ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم کے ذریعے اب تک 3 لاکھ گاڑیوں کی ٹیسٹنگ مکمل کی جا چکی ہے، مستقل انوائرمنٹ مانیٹرنگ کے لیے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں اسموگ وار روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں 8500 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے انڈسٹری، کار واش اسٹیشنز اور ڈسٹ ہاٹ سپاٹس کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماحولیاتی بہتری کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پوری ٹیم کو شاباش دی اور بھٹوں پر بچوں کی مشقت کے خلاف مہم کی حوصلہ افزائی کی۔



