ہماری خواہش ہے فیصل کریم کنڈی ہی گورنر خیبر پختونخوا رہیں: فیصل واوڈا

Published On 01 December,2025 05:47 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سیاسی رہنما اور سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے ہماری خواہش ہے فیصل کریم کنڈی ہی گورنر خیبر پختونخوا رہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں سینیٹر فیصل واوڈا کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ 26 نومبر کی آپ تڑی لگائیں گے تو پھینٹا لگے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم سب کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ خیبر پختونخوا کا وزیراعلی اپنی ذمہ داریاں نبھائے،اگر خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا سکتا تو گورنر راج کا آپشن ہونا نہیں ہے بلکہ ہو جائے گا۔

سینیٹر کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ فیصل کریم کنڈی ہی گورنر خیبر پختونخوا رہیں ،اگر کسی اور نام کا قرعہ نکلتا ہے تو وہ پھر سیاسی نہیں نکل سکتا، اُن کے نام پر ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، اگر اب بھی اسے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی خواہش ہے تو دیوار پر ٹکر مارتے رہیں دیوار کو کچھ نہیں ہونا اور دیوار سے کچھ نہیں ملنا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ آپ کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ آپ سیاسی طور پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے پاس جائیں، فیلڈ مارشل موجود ہیں کمانڈ اِن کے پاس ہے، یہ ایک نوٹیفکیشن ہے آج نہیں تو کل، کل نہیں تو پرسوں ہو جائے گا، سی ڈی ایف کا تعلق سیاست سے نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بیان اُن کا اسمبلی میں آنا یہ چیز بتاتا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ ہیں، میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سے کہوں گا کہ وہ اپنی حکومت چلائیں، ہائی کورٹ کے آرڈر کے بعد ایک انچ کی غلطی بھی اس کی ڈس کوالیفیکیشن کا سبب بن سکتی ہے۔

سیاسی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگے، اگر آپ نے بدمعاشی مستی یا غنڈہ گردی ہی کرنی ہے تو پھر ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں بچے گا، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملنے اُن کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ہر مسئلے کی چابی صدر آصف علی زرداری کے  پاس ہوتی ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں میرے لیے قابل احترام ہیں، انٹرویو بہت سارے لوگوں نے دیے ہیں ہم سب نے بھی دیے ہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا جنرل باجوہ یا ثاقب نثار کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے، جس پر اُن کا کہنا تھا کہ جو چیز پاکستان میں 75 سال میں نہیں ہوئی وہ اگلے 75 سال میں بھی نہیں ہوگی۔