کرغزستان کے صدر 3 دسمبر کو اپنے پہلے دورہ پر پاکستان پہنچیں گے

Published On 01 December,2025 07:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرغزستان کے صدر سادیر جاپروو کا پہلا تاریخی دورہ پاکستان، کرغز صدر 3 دسمبر کو اپنے پہلے دو روزہ دورہ پر پاکستان پہنچیں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق کرغز صدر وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم نے کرغز ہم منصب کو ستمبر 2022 میں ایس سی او اجلاس کے موقع پر دورے کی دعوت دی تھی۔

کرغز صدر کے ہمراہ کرغز وزیر خارجہ جین بیک کلوبائیوو بھی پاکستان آئیں گے، کرغز صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح وفد بھی پاکستان پہنچے گا، وفد میں کرغزستان کے سینئر وزراء بھی شامل ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کرغز وفد کے دورہ پاکستان سے متعلق کرغز ایڈوانس ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے، کرغز وفد کی پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

دورے کے دوران معاہدوں و مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط متوقع ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی کرغز صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔