کراچی: (دنیا نیوز) کھلے گٹر میں بچوں کے گرنے اور ایمرجنسی صورت حال میں کارکردگی سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہر کے تمام بلدیاتی اداروں سے کھلے مین ہولز کی تفصیلات طلب کی جائیں، برساتی نالوں، گندے نالوں، شہریوں کیلئے خطرے والی جگہوں کی تفصیلات بھی طلب کی جائیں۔
تمام اداروں کو شہریوں کیلیے مربوط حفاظتی لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی جائے جو ہنگامی صورتحال میں کام آئے، متاثرہ شہریوں اور ان کے اہل خانہ کو زرتلافی ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ عدالت سانحہ نیپا کے ذمہ داران کی معطلی، برطرفی، انکوائری کے متعلق بھی ہدایات جاری کرے، غفلت کا مظاہرہ کرنے والے محکموں اور افسران کےخلاف تادیبی کارروائی کی ہدایت کی جائے۔
درخواست میں گلشن اقبال میں تین سالہ ابراہیم کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری کی استدعا بھی کی گئی ہے، درخواست میں ہوم سیکرٹری سندھ ، میئر کراچی، ایم ڈی کراچی واٹر کارپوریشن، چیئرمین گلشنِ اقبال ٹاؤن کو فریق بنایا گیا ہے۔



