عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے کی باتیں بالکل غلط ہیں: رانا ثنااللہ

Published On 02 December,2025 10:45 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) مشیر وزیراعظم سیاسی اُمور رانا ثنا اللہ نےکہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھنے کی باتیں بالکل غلط ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا مہر بخاری کے ساتھ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل میں بیٹھ کر ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوایا۔

اُنہوں نے کہا کہ اطلاع تھی پی ٹی آئی 26نومبر کو9 مئی کو دہرانے کی تیاری کر رہی ہے، آج بانی پی ٹی آئی سے اُن کی بہن اور وکیل کی ملاقات کرائی گئی، ملاقات کے بعد میڈیا پر ملاقات کی تفصیلات بارے  آگاہ کیا جاتا ہے، ملاقاتوں سے متعلق سپرنٹنڈنٹ جیل نے بتانا ہوتا ہے۔

مشیر وزیراعظم سیاسی اُمور کا کہنا تھا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل نے فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ کس سے ملاقات کروانی ہے، میاں محمد نواز شریف نے کبھی جیل میں بیٹھ کر حکومت کے خلاف مہم نہ چلائی، ہم نے کبھی جیل میں بیٹھ کر یہ نہیں کہا کہ لاہور کے اوپر چڑھائی کر دیں، بانی پی ٹی آئی نے آج بھی کچھ باتیں کیں یہ ملاقات تو نہیں ہوتی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت ملاقاتوں میں سیاسی باتوں کو روکے گی، ایک بات ہے مکافات عمل، وہ بھی تو ہونا ہوتا ہے، اِس معاملے کو ہم نے شروع نہیں کیا، دیکھنا چاہیے یہ سلسلہ کہاں سے شروع ہوا،25 سالہ سیاسی کیریئر میں کسی منشیات فروشوں سے رابطہ کیا تو مجھ پر اللہ کا عذاب نازل ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بہترین کھانے پینے کی اشیا فراہم کی جارہی ہیں، عمران خان نے آج اخبار بھی پڑھا اور ورزش بھی کی ہے ۔

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن سے ایک گھنٹے ملاقات ہوئی، پی ٹی آئی والے جو باتیں کررہے ہیں اس کی کوئی حکومت اجازت نہیں دے سکتی، سہیل آفریدی  اُن کے وکیل ہیں اور نہ ہی اُن کے فیملی ممبر، بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھنے کی باتیں بالکل غلط ہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا معمول کے مطابق رولز اور لا کے مطابق ملاقاتیں کریں تو وہ ہوسکتی ہیں، ملاقاتیں اگر اسلام آباد پر چڑھائی کیلئے کرنی ہیں تو وہ نہیں ہوسکتیں، صوبائی حکومت وفاق کی پالیسی میں حائل نہ ہو تو گورنر راج کی ضرورت نہیں، یہ معاملہ ابھی صرف زیرِ بحث ہے۔