اسلام آباد: (دنیا نیوز) سفارتی ذرائع کے مطابق انڈونیشیا کے صدر دو روزہ دورے پر پیر کو پاکستان پہنچیں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈونیشن صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم نے اپنے دورہ انڈونیشیا کے دوران صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔
دورے کا مقصد باہمی سیاسی، معاشی، دفاعی ثقافتی اور عوامی روبط کو فروغ دینا ہے، انڈونیشیا صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق انڈونیشیا کے صدر دورے میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، صدر آصف علی زرداری سے بھی ان کی ملاقات متوقع ہے۔
مہمان صدر کی عسکری قیادت سے َبھی ملاقات کا امکان ہے، دورے کے دوران دونوں ممالک پاکستان انڈونیشیا آزادانہ تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دیں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران فریقین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری پر بھی بات چیت ہوگی۔



