خیرپور: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی قادن واری، ضلع خیرپور آمد ہوئی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے شیخ نہیان بن مبارک النہیان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی مناسبت سے مل کر کیک کاٹا۔
.jpg)
محسن نقوی نے یو اے ای کے قومی دن پر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کو دلی مبارکباد پیش کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے، باہمی دلچسپی کے امور اور مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہا کہ پاکستان آمد پر میرے بھائی کی جانب سے پرتپاک خیرمقدم پر خوشی ہوئی۔
.jpg)
محسن نقوی نے شیخ نہیان بن مبارک النہیان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ رفاقت پر قائم ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کا عزم غیر متزلزل ہے۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد الزابی، وزیرِ مملکت عبدالرحمان کانجو اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔



