لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرض سے مستفید ہونے والے افراد کے لیے سہولیات میں مزید اضافہ کر دیا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایت پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں پروگرام ڈائریکٹر مرزا ولید بیگ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
دوران اجلاس اخوت، این ایس آر پی اور دیگر مائیکروفنانس اداروں کی جانب سے عملی تجاویز پیش کی گئیں جبکہ ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے رعایت کے اطلاق کے لیے ایس او پیز جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔
اجلاس میں سفارش کی گئی کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت فراہم کیے گئے بلاسود قرض کی جلد واپسی پر مستفید افراد کو 20 فیصد تک رعایت دی جائے، دورانِ قرض مدت وفات کی صورت میں قرض معاف کرنے اور معذور ہونے کی صورت میں بھی رعایت دینے کی تجویز شامل ہے۔
ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قرض کی واپسی میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جبکہ رعایت کا اطلاق 10 سالہ قرض کو 3 سے 6 سال میں واپس کرنے کی صورت میں ہوگا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو 10 سال کے لیے 15 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کیا جاتا ہے تاہم مجوزہ ایس او پیز جلد صوبائی وزیر بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ کو پیش کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ رعایت دینے کا مقصد مستفید شہریوں کے لیے مزید سہولت پیدا کرنا ہے جبکہ وقت سے پہلے واپس آنے والی رقم سے مزید افراد کو گھر بنانے میں مدد فراہم کی جا سکے گی۔



