راولپنڈی:(دنیا نیوز) آج پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی کورنگی میں ٹرینیز اور کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
صدر نیشنل ایئرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایڈوائزری بورڈ تقریب کے مہمان خصوصی تھے اور ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی نے ان کا استقبال کیا، پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور اتحادی ممالک کے کل 1155 ٹرینیز نے کامیابی سے تربیت مکمل کی۔
پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پی اے ایف کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور بین الاقوامی سطح پر پہچان کو اُجاگر کیا، انہوں کہا کہ اکیڈمی اُبھرتے ہوئے جنگی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو چیف آف ایئر سٹاف کے ویژن کے مطابق جدید، مستقبل پر مبنی تربیت فراہم کر رہی ہے، دوران گفتگو انہوں نے ملٹی ڈومین آپریشنز کے موثر انعقاد سمیت پی اے ایف کی آپریشنل کامیابی اور تیاریوں پر زور دیا۔
تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ٹرافیاں دی گئیں، مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر ایئر کرافٹ مین سارجنٹ احمد حسین عارف نے چیف آف ائیر سٹاف ٹرافی جیتی۔
اِسی طرح ایئر کرافٹ مین حمزہ علی نے اصغر خان ٹرافی، ایئر کرافٹ مین احمد حسین عارف نے نور خان ٹرافی، اکیڈمی سارجنٹ ائیر کرافٹ مین شفاعت نور نے ائیر آفیسر کمانڈنگ ٹرافی حاصل کی جب کہ سری لنکا کے ایل اے سی ٹی ایچ جی این ڈی ہیراتھ نے بہترین فارن ٹرافی حاصل کی۔
مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ہونے والے ایئر مین اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور اکیڈمی کے عملے کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔



