پنجاب میں 16 لاکھ لوگ اَن پڑھ، ضلع قصور سرفہرست

Published On 29 December,2025 06:11 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب میں 16 لاکھ لوگ اَن پڑھ ہیں جب کہ ضلع قصور سرفہرست ہے۔

پنجاب اسمبلی اجلاس میں رکن اسمبلی احسن رضا نے انکشاف کے بعد سوال اُٹھایا کہ ضلع قصور میں سب سے زیادہ ان پڑھ لوگ ہیں ان کو بنیادی تعلیم کون دے گا؟ محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم بند کرنے کے بجائے اِسے بڑھایا جائے۔

ایوان میں گفتگو کے دوران اُن کا کہنا تھا کہ خواندگی تو یہ ہے کہ کوئی بھی شہری نام لکھنا اور اخبار پڑھنا جانتا ہو، ناخواندہ کو اب کون پڑھانے کی ذمہ داری لے گا، پورے پنجاب کا لٹریسی ریٹ 64.0 ہے۔

احسن رضا نےکہا کہ تعلیم کے 16 منصوبے 2005 میں شروع ہو ئے اب صرف دو چل رہے ہیں، پنجاب سمیت ملک بھی آج بھی کروڑوں لوگ اَن پڑھ ہیں، ہم پنجاب کے ذمہ دار اور مجرم ہیں۔

رکن صوبائی اسمبلی کا پارلیمانی سیکرٹری لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن چودھری نوید اشرف سمیت ایوان کو توجہ دلاتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارتی پنجاب کا لٹریسی ریٹ 86 فیصد ہے اور افغانستان کا 52فیصد ہے۔

جواب میں چودھری نوید اشرف نے کہا کہ ضلع قصور میں محکمہ لٹریسی کے 632اساتذہ پڑھا رہے ہیں، محکمہ کے تحت ضلعی سٹاف 15ملازمین پر مشتمل ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں 20ہزار 273 سکول قائم کئے جن میں 6لاکھ 80ہزار سے زائد طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں، پنجاب کا لٹریسی ریٹ 66 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔