اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی امن اور سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان روسی صدر، حکومت اور عوام سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) December 30, 2025
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والی کارروائیوں کو مسترد کرنے کے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ روس نے صدر ولادی میر پیوٹن کی سرکاری رہائش گاہ پر یوکرینی حملے کا الزام عائد کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین نے نووگورود ریجن میں صدر پیوٹن کی رہائش گاہ پر حملہ کیا، حملے کے وقت صدر پیوٹن کے رہائش گاہ پر موجود ہونے کا نہیں بتایا گیا۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا ہے کہ یوکرین نے صدر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، یوکرین نے 28 اور 29 دسمبر کے درمیان رہائش گاہ پر 91 لانگ رینج ڈرونز فائر کیے۔
دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی نے روسی صدر کی رہائش گاہ پر حملے کا الزام جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس امن بات چیت کو خراب کرنا چاہتا ہے، روس یوکرین کی سرکاری عمارتوں پر حملے کا جواز بنا رہا ہے، امریکا کو روس کی دھمکیوں پر ردعمل دینا چاہیے۔



