مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی فہرست جاری

Published On 02 January,2026 01:25 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی فہرست جاری کردی۔

446 اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں نے مالی گوشواروں کی تفصیلات تاحال جمع نہیں کرائیں، الیکشن کمیشن کے مطابق،26 سینیٹرز،125 اراکین قومی اسمبلی اور 159 اراکین پنجاب اسمبلی نے تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔

62 ارکان سندھ، 48 خیبرپختونخوا اور 26 ارکان بلوچستان اسمبلی نے تفصیلات جمع نہیں کرائیں، سینیٹر طلحہ محمود، فیصل سلیم، قدوس بزنجو اور ایمل ولی نے تاحال گوشواروں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔

وفاقی وزیر عطا تارڑ، طارق فضل چودھری اور اویس لغاری نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ارکان 15 جنوری تک گوشوارے جمع کرائیں، 16 جنوری کو گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔