گلگت بلتستان میں بلدیاتی اور جنرل انتخابات ایک ہی مرحلے میں کرانے کا اعلان

Published On 29 December,2025 06:54 pm

گلگت بلتستان: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمیشن راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں بلدیاتی اور جنرل انتخابات ایک ہی مرحلے میں ہوں گے۔

الیکشن کمیشن راجہ شہباز خان کا کہنا تھا کہ ووٹر لسٹ میں اندراج، تصدیق اور درستگی کے لیے ڈسپلے سینٹرز قائم کر دیے گئے، عوام رواں ماہ کے اختتام تک ڈسپلے سینٹرز میں جا کر ووٹ کی تفصیلات چیک اور درست کروا سکتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ نمبر 8301 پر ایس ایم ایس کرکے متعلقہ ڈسپلے سینٹر کی تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں،فارم اور رہنمائی کے لیے ضلعی الیکشن کمشنر یا ڈسپلے سینٹر انچارج سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر تینوں ڈویژنز میں ضلع کونسلز، میونسپل کارپوریشنز، تحصیل کونسلز اور دیگر اداروں کی حد بندی کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، ووٹر لسٹ کی درستگی کا عمل بلدیاتی اور جنرل انتخابات دونوں کے لیے جاری ہے۔

علاوہ ازیں چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈسپلے سینٹرز سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے جمہوری حق کو یقینی بنائیں۔