نجی یونیورسٹی کی تیسری منزل سے چھلانگ لگانے والی طالبہ کی فوٹیج منظر عام پر آگئی

Published On 06 January,2026 08:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نجی:یونیورسٹی میں ڈی فارمیسی کی طالبہ کی مبینہ خودکشی کا معاملہ، متاثرہ طالبہ کی چھلانگ لگانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

کلوز سرکٹ فوٹیج میں یونیورسٹی کی تیسری منزل سے طالبہ کو چھلانگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے، متاثرہ طالبہ تشویشناک حالت میں جنرل ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

دوسری جانب نجی یونیورسٹی میں طالبعلم کے بعد طالبہ کی خودکشی کی کوشش کے معاملے پر پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کے لواحقین کی جانب سے تاحال کسی قسم کی قانونی کارروائی کیلئے درخواست جمع نہیں کرائی گئی، طالبہ اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہے، اس کی ریڑھ کی ہڈی اور پھیپھڑوں پر گہرے زخم آئے ہیں، جس کی وجہ سے طالبہ کا بیان ریکارڈ نہیں کیا جا سکا۔

پولیس کے مطابق طالبہ فاطمہ کے تمام ضروری ٹیسٹ دوبارہ کئے گئے ہیں اور اہل خانہ سے بھی مختلف پہلوؤں پر معلومات حاصل کی گئی ہیں۔

واقعے کی مکمل تفصیل جاننے کیلئے یونیورسٹی اور اطراف میں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج پولیس نے تحویل میں لے لی ہے، جن کی مدد سے حالات و واقعات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ثابت ہوئی تو یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔