ضلع اورکزئی اور کرم میں شدید برفباری، پاک فوج کی امدادی کارروائیاں شروع

ضلع اورکزئی اور کرم میں شدید برفباری، پاک فوج کی امدادی کارروائیاں شروع

ضلع اورکزئی میں شدید برفباری کے باعث مختلف علاقوں میں راستے بند ہو گئے تھے جس پر پاک فوج نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے اہم شاہراہوں کو کھول دیا، پاک فوج نے دور افتادہ علاقوں میں انتہائی ناسازگار موسمی حالات کے باوجود کامیاب آپریشن مکمل کیا۔

ذرائع کے مطابق حالیہ برفباری کے باعث ضلع اورکزئی کے گاؤں کالایہ دربار کو جانے والے تمام راستے مکمل طور پر بند ہو چکے تھے جس کے باعث نہ صرف نقل و حمل متاثر ہوئی بلکہ وفات پانے والے افراد کی تدفین بھی ممکن نہ رہی، پاک فوج نے بھاری مشینری اور افرادی قوت کی مدد سے راستے بحال کیے جس کے بعد مقامی شہری کی نمازِ جنازہ اور تدفین بروقت اور باوقار انداز میں ممکن ہو سکی۔

دوسری جانب شدید برفباری سے متاثرہ ضلع کرم میں بھی پاک فوج نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کر دیا، پاک فوج نے بھاری مشینری کی مدد سے 8 کلومیٹر طاؤڈو اوبو روڈ کو بحال کر دیا جبکہ مناتو سدا روڈ شدید برفباری کے باعث مکمل طور پر بند ہو گئی تھی۔

راستوں کی بندش کے باعث متعدد گاڑیاں پھنس گئی تھیں، تاہم پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسافروں اور گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔