خلاصہ
- راولپنڈی:(دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائی کے دوران 3 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پربلوچستان کے علاقے پنجگور میں کارروائی کی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مارے جانے والوں میں مقامی دہشت گرد کمانڈر فاروق عرف سورو، عدیل اور وسیم شامل ہیں، ہلاک ہونے والوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق شرپسند علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ ہندوستانی سپانسرڈ دہشتگرد کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ویژن ’عزم استحکام‘ کے تحت انسداد دہشتگردی کی مہم پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔