پاکستان
خلاصہ
- مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
دارالحکومت و گردونواح میں بارش ، پہاڑوں پر برفباری سے متعدد مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں،پیر چناسی، بالائی نیلم، لیپہ ویلی، سدھن گلی، لسڈنہ، محمود گلی سمیت متعدد بالائی علاقوں کی شاہراہیں بدستور بند ہیں۔
شاہراہوں کی بندش سے بالائی علاقوں میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہے، بالائی علاقوں میں بجلی و مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا، وادی لیپہ کے رہائشی علاقوں میں لوگ برفباری کی وجہ سے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق برفباری کے باعث مزید 4 گھر مکمل تباہ ہو گئے، 8 کو جزوی نقصان پہنچا ہے، اب تک برفباری کے دوران مجموعی 52 گھر متاثر ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہوں کی بحالی کیلئے مشینری موقع پر موجود ہے، موسم بہتر ہوتے ہی شاہراہوں کی بحالی کا کام تیز ہو جائے گا۔