خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان مصافحہ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا، تقریب کے آغاز پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے قازقستان کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر کو کابینہ ارکان کا تعارف کرایا، صدر قازقستان نے بھی اپنے وفد کو وزیراعظم شہباز شریف کا تعارف کرایا۔
بعدازاں صدر قازقستان نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں یادگاری پودا بھی لگایا۔
یاد رہے کہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف، وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز قازقستان کے صدر کی پاکستان آمد پر نور خان ایئر بیس پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی، پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فضا میں قازقستان کے صدر کو سلامی دی، جنگی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی حفاظتی حصار میں لے لیا۔