پاکستان اور سری لنکا کی وزارت داخلہ کے درمیان اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سری لنکا کی وزارت داخلہ کے درمیان اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی کی سری لنکا کی وزارت داخلہ آمد، سری لنکا کے وزیر داخلہ و پارلیمانی امور آنند وجے پالا نے محسن نقوی کا شاندار استقبال کیا۔

ملاقات میں داخلی سیکیورٹی انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے لئے باہمی معاونت بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

ملاقات میں سائبر کرائمز اور مالیاتی فراڈ میں ملوث مافیا کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر گفتگو ہوئی، غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کیلئے باہمی کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ ٹریننگ پروگرامز پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔

وزیرداخلہ نے سری لنکن پولیس کے افسران کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کی پیشکش کی۔

محسن نقوی نے کہا افسران کے ٹریننگ ایکسچینج پروگرامز سے دونوں ممالک کی فورس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا جس سے دونون ممالک کے درمیان تعاون سے تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کو سائبر کرائمز اور مالیاتی جرائم کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔