خیبرپختونخوا حکومت کا اعلان کردہ رمضان پیکج تاحال شروع نہ ہو سکا

خیبرپختونخوا حکومت کا اعلان کردہ رمضان پیکج تاحال شروع نہ ہو سکا

ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل طریقہ کار وضع نہ ہونے سے رمضان پیکج کی تقسیم کا اختیار عوامی نمائندوں کو تفویض کیا گیا، عوامی نمائندے مستحق افراد کا ڈیٹا جمع کرکے سوشل ویلفیئر کو دیں گے، ڈیٹا جمع کرنے کے بعد رمضان پیکج مستحق افراد کو ملے گا۔

بتایا گیا ہے کہ مستحق افراد کا انتخاب بھی عوامی نمائندے کریں گے، ڈیٹا جمع کرنے کے باعث رمضان پیکج مستحق افراد کو دینے میں مزید کئی رو ز لگ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے تقریبا 13 ارب روپے مستحقین افراد میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے، ایک لاکھ 16 ہزار 394 افراد کو 12 ہزار 500 روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

حکومت نے رمضان پیکج کے لیے یتیم، بیوہ عورتیں اور معذور افراد اہل قرار دیئے، عارضی طور پر گھروں سے بے گھر افراد رمضان پیکج کے مستحق نہیں، پشاور میں سب سے زیادہ 1 لاکھ 8 ہزار 500 افراد کو رمضان پیکج دیا جائے گا، سوات میں 67 ہزار 500، مردان میں 60 ہزار 486 اور چارسدہ میں 40 ہزار سے زائد افراد کو پیکج دیا جائے گا۔

ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنرز کو مستحق افراد کی نشاندہی کے لیے خط ارسال کردیا ہے، امید ہے کہ چند روز کے اندر ہی رمضان پیکج کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔