استحصال کا خاتمہ اور مساوات کا قیام ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے: آصف زرداری

استحصال کا خاتمہ اور مساوات کا قیام ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے: آصف زرداری

عالمی یومِ سماجی انصاف کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان سماجی انصاف کی ضمانت دیتا ہے اور کمزور طبقات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ بڑھ کر 716 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور اس کے تحت ایک کروڑ گھرانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صحت، تعلیم اور خوراک تک رسائی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے جبکہ بزرگوں، خواتین، خصوصی افراد اور نوجوانوں کے لیے خصوصی اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے، صوبائی حکومتوں کے فلاحی پروگرام بھی وفاقی کوششوں کا حصہ ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے مہنگائی اور موسمیاتی تبدیلی کو بڑے چیلنجز قرار دیتے ہوئے وسائل کے مؤثر استعمال اور اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سماجی انصاف پائیدار ترقی کا بنیادی ستون ہے اور پاکستان اقوامِ متحدہ کے موضوع ’شمولیت کو بااختیار بنانا‘ کی حمایت کرتا ہے۔

اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کشمیر اور فلسطین میں بنیادی انسانی حقوق کی مبینہ پامالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف منتخب نہیں ہو سکتا اور عالمی برادری کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ منصفانہ معاشرہ ہی امن اور خوش حالی کی بنیاد ہے۔