علی امین گنڈاپور پر آڈیو لیک کیس میں فردِ جرم عائد، وارنٹ گرفتاری منسوخ

علی امین گنڈاپور پر آڈیو لیک کیس میں فردِ جرم عائد، وارنٹ گرفتاری منسوخ

سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ نے کی، علی امین گنڈاپور اپنے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈوکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شریک ملزم اسد فاروق خان بھی عدالت میں موجود تھے۔

عدالت نے علی امین گنڈاپور اور اسد فاروق خان پر آڈیو لیک کیس میں فردِ جرم عائد کر دی، دورانِ سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ آپ تو عدالت پیش ہی نہیں ہوتے رہے، جس پر علی امین گنڈاپور نے مؤقف اختیار کیا کہ سکیورٹی صورتحال، کرفیو اور راستوں کی بندش کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ کال پر لائسنس کے حوالے سے بات کر رہے تھے اور چھاپوں کے دوران ان کے موبائل فون بھی لے لیے گئے، جج نصر من اللہ بلوچ نے ریمارکس دیے کہ محض پراسیکیوشن کے کہنے پر سزا نہیں دی جا سکتی اور کیس میں طویل عرصے سے فردِ جرم عائد نہیں ہوئی تھی۔

وکیل صفائی راجہ ظہور الحسن نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی استدعا کی اور مؤقف اپنایا کہ اگر ملزم عدالت میں پیش ہو جائے تو عدالت کے پاس وارنٹ منسوخ کرنے کا اختیار ہوتا ہے، عدالت نے وارنٹ منسوخ کرتے ہوئے آئندہ احتیاط برتنے اور باقاعدگی سے پیش ہونے کی ہدایت کی۔

عدالت نے مزید کہا کہ اگر آئندہ ایسی صورتحال ہو تو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جائے، بعد ازاں کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔