اتحاد بین المسلمین پنجاب کمیٹی کا محرم میں امن وامان، بین المسالک ہم آہنگی پر اتفاق

اتحاد بین المسلمین پنجاب کمیٹی کا محرم میں امن وامان، بین المسالک ہم آہنگی پر اتفاق

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، چودھری شافع حسین، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال اکبر خان، صہیب احمد بھرتھ اور سید عاشق حسین کرمانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے جید علما و مشائخ، امن کمیٹی اراکین اور مذہبی قائدین شریک ہوئے۔

سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران بھی اجلاس کا حصہ تھے۔

اجلاس کا بنیادی مقصد صوبے میں بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری، قومی اتحاد اور امن و امان کے فروغ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔

اس موقع پر تمام علمائے کرام نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ وہ اشتعال انگیزی، فرقہ واریت، فتنہ و فساد اور نفرت انگیزی کے خلاف حکومت پنجاب کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے رہیں گے۔

علماء کرام نے محرم الحرام کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے کئے گئے سکیورٹی، صحت، صفائی، لنگر اور سبیلوں کے انتظامات کو سراہا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سبیلوں کے قیام سمیت دیگر اقدامات کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نوجوان نسل کو اعتدال پسندی اور مثبت دینی تعلیمات کی طرف لایا جائے اور مذہبی قیادت اپنے خطابات اور میڈیا گفتگو میں برداشت، رواداری اور محبت کا پیغام عام کرے۔

دوران اجلاس سوشل میڈیا پر فرقہ واریت، نفرت اور افواہ سازی کے خلاف سخت اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

حکومت پنجاب کی جانب سے محرم کے دوران سائبر پٹرولنگ اور فوری رسپانس فورس تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، ہر ضلع میں ترجمان مقرر کئے جا رہے ہیں جو فیک نیوز کے خلاف فوری ردعمل دیں گے، فیک نیوز اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے، گرفتاریوں اور قانونی کارروائی کا بھی اعلان کیا گیا۔

محکمہ داخلہ اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں کنٹرول رومز قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ شکایات اور منفی مواد پر فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اجلاس میں محرم جلوسوں کے روٹس کی صفائی، ٹریفک کی بحالی، سکیورٹی اور طبی سہولیات کو فول پروف بنانے کی ہدایت کی گئی، پینے کے صاف پانی، سایہ دار مقامات اور طبی امداد کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

شرکاء نے عالمی امن کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا، اجلاس میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر احمد نے عالمی سطح پر امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، اور پاکستان کی کوششوں سے دنیا ایک بڑے تنازع سے محفوظ رہی۔

مزید بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محرم کے تمام انتظامات کی خود نگرانی کر رہی ہیں اور حکومت و علما کے درمیان مسلسل مشاورت جاری ہے، ہر تین ماہ بعد اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس کی تجویز بھی دی گئی۔

اجلاس کے آخر میں ملک کی سلامتی، خودمختاری اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔