خلاصہ
- لاہور:(دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا امن، اعتماد اور مشترکہ ترقی کے سفر میں ساتھ ہیں۔
امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر حضوری باغ لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے امریکی حکومت اور عوام کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات باہمی اعتماد، امن اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں، جبکہ دونوں ممالک ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔
سنیئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے کہ دنیا نے کچھ عرصہ قبل سفارتکاری کی طاقت کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی امن کے قیام اور خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا جب کہ پاکستان امن، ترقی اور باہمی تعاون کی پالیسی پر کاربند ہے