پاکستان
خلاصہ
- صادق آباد: (دنیا نیوز) گزشتہ روز خاتون کی جانب سے اپنے چار بچوں سمیت نہر میں کودنے کے افسوسناک واقعہ میں لاپتہ ہونے والے بچوں میں سے تیسرے بچے کی نعش بھی مل گئی، ایک بچے کی تلاش جاری ہے، جبکہ والد کی مدعیت میں والدہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق دو بچوں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے، ایک اور بچے کی لاش مل گئی، اب ایک بچے کی تلاش کی جا رہی ہے۔
غوطہ خوروں اور ریسکیو اہلکاروں کی ٹیمیں کشتیوں کی مدد سے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں، اب تک 15 کلومیٹر تک سرچ آپریشن مکمل کیا جا چکا ہے، پانی کا تیز بہاؤ آپریشن میں رکاوٹ ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ رات کے باعث سرچ آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا تھا، تاہم صبح سے دوبارہ تلاش کا عمل جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق بنگلہ منٹھار تھانے میں والد کی مدعیت میں والدہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، دو سالہ آیان اور 7 سالہ طیبہ کی نمازِ جنازہ آج بنگلہ منٹھار میں ادا کی جائے گی۔