رانا ثنا اللہ نے ایل اے 10 کوٹلی میں انتخاب روکنے کا مطالبہ کر دیا

رانا ثنا اللہ نے ایل اے 10 کوٹلی میں انتخاب روکنے کا مطالبہ کر دیا

رانا ثنا اللہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور چیف الیکشن کمشنر سے انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ثقلین اور قیصر پٹواری سے مبینہ دھاندلی پر تفتیش کی جائے، انکوائری مکمل ہونے تک ایل اے 10 کوٹلی میں انتخاب روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے معلوم کیا جائے پولنگ بیگز کہاں کہاں لے جائے گئے، چودھری یاسین پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر بھی ہیں، رنگے ہاتھوں پکڑی جانے والی یہ واردات شرمناک اور انتہائی قابل مذمت ہے، سرکاری گاڑی میں پریزائیڈنگ افسران بھیجنا شفافیت پر سوال ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پٹواری اور پریزائیڈنگ افسر آزاد کشمیر حکومت کے ماتحت ہیں، دیہی علاقوں میں بھی تحقیقات ہونی چاہئیں، قیصر پٹواری کی سرگرمیوں کی مکمل تحقیقات کی جائیں، حقائق سامنے آنے تک ایل اے 10 کے نتائج قبول نہیں کریں گے۔

رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدار انتخابات چاہتے ہیں، ہر پولنگ سٹیشن پر پولنگ بیگ چیک کیے جائیں، نواز شریف کا ہر شیر ووٹ چوروں کی نگرانی کرے گا، عوامی حمایت سے آزاد کشمیر کی تمام نشستیں جیتیں گے۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں 2 پریزائیڈنگ افسران پولنگ سٹیشن کے بجائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے، جس پر ریٹرننگ افسر نے پولنگ بیگز فوری تحویل میں لے لیے، دونوں پریزائیڈنگ افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔