مسلم لیگ (ن) کا آزاد کشمیر الیکشن میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ

مسلم لیگ (ن) کا آزاد کشمیر الیکشن میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ

اسلام آباد میں وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی 20 نشستوں پر دوسرے مرحلے کے انتخابات مکمل ہوئے، جن میں مسلم لیگ (ن) نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں میں سے 7 پر انتخابی عمل مکمل ہوا، جبکہ مجموعی طور پر 45 نشستوں میں سے اب تک 26 پر مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو چکی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات سے قبل دھاندلی کے الزامات عائد کر رہی تھی، تاہم اب انہیں قوم کو بتانا چاہیے کہ انتخابات شفاف تھے یا نہیں، دھاندلی کے الزامات کے ثبوت مانگے گئے تو پہلے 13 پولنگ سٹیشنز کا دعویٰ کیا گیا، پھر یہ تعداد کم ہو کر 4 اور بعد ازاں صرف 2 پولنگ سٹیشنز تک محدود رہ گئی۔

انہوں نے کامیاب امیدواروں کو وزیراعظم، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی وعدوں کے مطابق آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ 10 اگست کو تیسرے مرحلے کے انتخابات مکمل ہونے کے فوراً بعد مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ آئندہ کی حکمت عملی طے کی جا سکے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کو اپنا حقِ رائے دہی آزادانہ طور پر استعمال کرنے کا بھرپور موقع ملا، تاہم دو روز قبل ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر شہر کے ایک چوک پر ہنگامہ آرائی کی گئی، پولیس کی مداخلت پر فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا اور شہر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی، جس سے ووٹر ٹرن آؤٹ بھی متاثر ہوا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کراس فائرنگ میں ملوث افراد کے نام متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہیں، جبکہ ان کے بقول شہر میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر ہنگامہ آرائی کی، جس سے مسلم لیگ (ن) کو انتخابی نقصان پہنچا۔

عوام نے مسلم لیگ کو کارکردگی پر ووٹ دیئے: امیر مقام

اس مقام پر وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کرتے ہوئے اسے ووٹ دیا، جبکہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم عوام نے جمہوری عمل کو کامیاب بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی بات کرنے والے دھرنوں اور احتجاجوں میں وقت ضائع کرنے کے بجائے عوامی خدمت پر توجہ دیں، آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو اس کی کارکردگی کی بنیاد پر مینڈیٹ دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنوں نے متحد ہو کر انتخابی مہم چلائی، جس کا نتیجہ عوامی حمایت کی صورت میں سامنے آیا۔

وفاقی وزیر نے انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں دونوں اداروں نے قابلِ تحسین کردار ادا کیا، جمہوریت، کشمیری عوام اور ریاست کی فتح ہے، جبکہ انتخابات کے بعد آزاد کشمیر میں ریاست کی عملداری مزید مضبوط ہوگی۔

اس موقع پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کے لیے گھٹیا حرکت کی گئی، تاہم ایسی کوششیں عوام کے جمہوری فیصلے کو متاثر نہیں کر سکیں۔